اسلام آباد
ملیکہ بخاری اور علی محمد خان کی دوبارہ گرفتاری پر اٹارنی جنرل، آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری
اسلام آباد : عدالت نے ملیکہ بخاری اور علی محمد خان کی دوبارہ گرفتاری پر اٹارنی جنرل، آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ملیکہ بخاری اور علی محمد خان کی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاری پر دائر توہین عدالت درخواست پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالت نے علی محمد خان اور ملیکہ بخاری کو تین اہم پی او کے تحت گرفتاری کا حکم کالعدم قرار دیا تھا۔ عدالتی احکامات کے باوجود علی محمد خان اور ملیکہ بخاری اڈیالہ جیل میں موجود ہیں۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ عدالتی حکم پر عمل در آمد کیا گیا۔ رہائی کے بعد علی محمد خان اور ملیکہ بخاری کو پھر دوسرے کیسز میں گرفتار کیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہم نے ایک ویڈیو کلپ دیکھی، جس میں اڈیالہ جیل کے باہر نکلتے ہی علی محمد خان کو پولیس حکام گاڑی میں بٹھایا جا رہا ہے۔
عدالت نے اٹارنی جنرل اور آئی جی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23 مئی تک کے لئے ملتوی کردی۔