ایسا ممکن نہیں کہ ہم افغانستان جاکر کسی دوسرے کی لڑائی لڑیں، ناصر خان جنجوعہ
اسلام آباد: قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا دہشت گردی کے خلاف ہماری قربانیوں کا ادراک رکھتی ہے، وزیرخارجہ خواجہ آصف کے ہمراہ ان کے چین، ایران اور ترکی کے دورے بہت کامیاب رہے۔ اسلام آباد میں سفارتی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان، ایرانی صدر حسن روحانی اور چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ افغانستان کے مسئلہ کا حل صرف افغانوں کے درمیان مذاکرات سے ہی ممکن ہے، باقی دنیا اس کے لئے سہولت کار کا کردار تو ادا کرسکتی ہے، لیکن فیصلہ نہیں کرسکتی، ہمارا بیانیہ بڑا واضح ہے، ایسا ممکن نہیں ہے کہ ہم افغانستان جاکر کسی دوسرے کی لڑائی لڑیں، بلوچستان میں حالات بہت بہتر ہوئے ہیں، بلوچستان کے قوم پرستوں کو بیرونی امداد حاصل ہے اور وہ پاکستان سے باہر بیٹھ کر کسی دوسرے کے اشارے پر پاکستان کے خلاف کام کر رہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سب کو پاکستان واپس لایا جائے، چاہے کوئی بھی راستہ اختیار کرنا پڑے۔