سی پیک خطے کا اہم ترین منصوبہ ہے، ممنون حسین
اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے لاہور میں نیوی وار کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندری وسائل کو بھر پور طریقے سے استعمال میں لا کر قومی معیشت کو مستحکم کرنے کیساتھ ساتھ بحری راستوں کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے، سی پیک خطے کا اہم ترین منصوبہ ہے۔ تقریب میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ، کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئرایڈمرل معظم بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ورکشاپ کے شرکا کی تیار کردہ میری ٹائم سکیورٹی پالیسی کی پریزینٹیشن بھی دی گئی۔ یہ پریزینٹیشن سینیٹر سحر کامران، رکن پنجاب اسمبلی حسین جہانیاں گردیزی اور رئیر ایڈمرل شعیب نے دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ سمندری وسائل کو بھر پور طریقے سے استعمال میں لا کر قومی معیشت کو مستحکم کرنے کیساتھ ساتھ بحری راستوں کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ، پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بھی بڑی اہمیت کی حامل ہے جو ایک ایسی امید ہے جس سے اقوامِ عالم اور خاص طور پر اس خطے کا سنہری مستقبل وابستہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل اور نعمتوں سے سرفراز فرمایا ہے جن میں ایک سمندر بھی ہے جو ایک انمول خزینے کی حیثیت رکھتا ہے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کے سمندری وسائل بھرپور استفادے کا ذریعہ بنیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سمندروں نے اس کرہ ارض کی سیاسی و اقتصادی صورتحال میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے لیکن موجودہ دور میں ان کی اہمیت میں ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک بحریہ نے میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کیلئے اپنے محدود وسائل کے باوجود جو بیش قیمت خدمات سر انجام دی ہیں، اس پر وہ مبارک باد کی مستحق ہے۔ انھوں نے توقع کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ اور اس سے وابستہ ادارے اسی قومی جذبے کے تحت آئندہ بھی اپنی گراں قدر خدمات سر انجام دیتے رہیں گے۔