ن لیگ کے خلاف سازش کے مہرے ہردن سامنے آرہے ہیں، طلال چوہدری
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ کے خلاف سازش کے مہرے ہردن سامنے آرہے ہیں اور کسی نے امپائر بنے کی کوشش کی تو انگلی نواز شریف اور مسلم لیگ کے خلاف نہیں پاکستان کے خلاف اٹھے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ نوازشریف اور ان کے خاندان کے ہرکیس میں عجلت سے کام لیا گیا جو معیار وزیراعظم کی نا اہلی کے لیے رکھا گیا وہی خان صاحب کے لیے ہوا تو ایک بار نہیں وہ درجن دفعہ نا اہل ہوں گے۔ نواز شریف کو عدالت میں صفائی کا موقع نہیں ملا لیکن عمران خان کو کورٹ میں صفائی کے مواقع ملے تواس کی تعریف کریں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اپنے آپ کو نیک و مومن ثابت کرنے اور صاف ستھرا کہنے والے شخص کا آج سپریم کورٹ میں کیس چل رہا ہے، جس بیوی کو طلاق دے دی ہو وہ منہ لگانا پسند نہیں کرتی مگرعمران خان کو سابقہ بیوی جمائما لاکھوں ڈالر دیتی رہی،عمران خان کو جتنے مواقع ملے اتنے موقف سامنے آئے وہ معصوم چہرہ بنا کر کہتے ہیں غلطی ہوئی معاف کر دیں۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ نواز شریف شریف فیملی کے ہر کیس میں عجلت سےکام لیا جارہا ہے، پیپلز پارٹی کے لوگوں پر چھ ماہ میں فرد جرم نہیں لگی لیکن اسحاق ڈار پر 48 گھنٹے میں لگادی گئی۔ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جس نے کئی درجن تنظیموں کو کالعدم قرار دیا یہ تنظیمیں نام بدل کر سیاست میں آئیں تو انہیں کام کرنے نہ دیا جائے۔