اسلام آباد

سعودی عرب پاکستانی معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے بڑے منصوبے کا آغاز کرے گا، نواف سعید احمد

اسلام آباد: سعودی عرب کے سفیر نواف سعید احمد المالکی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030ء کے تحت سعودی عرب پاکستانی معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے بڑے منصوبے کا آغاز کرے گا۔ اعلیٰ سطح کا سعودی وفد منصوبہ کے مختلف پہلووں پر بات چیت کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وہ سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی سے گفتگوکر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو سعودی سفیر سے ملاقات کی۔ سعودی سفیر نے کہاکہ جدید معاشی رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کا اقتصادی ومعاشی ترقی کا انقلابی منصوبہ ویژن 2030ء روبہ عمل ہے۔ جس میں پاکستان کے ساتھ بھرپور شراکت داری کی جائے گی تاکہ دونوں ممالک معاشی واقتصادی تعاون کی نئی شاہراہ پر گامزن ہوں۔

سعودی سفیر نے کہاکہ معاشی ترقی کے منصوبے کا مقصد سعودی عرب کو معاشی خودانحصاری کی نئی منزل سے ہمکنار کرنا ہے۔ جس کے لئے پاکستان کا تعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ اس ویژن کے تحت پاکستان میں کثیرالجہتی منصوبہ جات میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ان میں سماجی، اقتصادی، مفادعامہ کے دیگر منصوبے شامل ہیں۔ نواف سعید احمد المالکی نے کہاکہ سعودی عرب چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور گوادر بندرگاہ میں سرمایہ کاری کا خواہش مند ہے۔ سعودی قیادت پاکستان میں سی پیک کے تحت مختلف منصوبہ جات میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

محمد علی درانی نے سعودی عرب کے قومی دن پر ایک یادگار تقریب کے انعقاد پر سفیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر پوری پاکستانی قوم خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی قیادت اور عوام کو مبارک اور خیرسگالی کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے شہزادہ محمد بن سلیمان کے ویژن 2030ء اور اس کے تحت پاکستان کے تمام شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے بڑے منصوبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب پاکستان معاشی تعاون درست سمت میں احسن اقدام ہے۔

سابق سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سی پیک میں شرکت اور سعودی عرب پاکستان اقتصادی شراکت داری کا منصوبہ خطے اور باہمی تعلقات میں ایک نیا سنگ میل ہے جس کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی ممالک میں معاشی تعاون اور اقتصادی بلاک کی تشکیل پر سعودی قیادت مبارک باد کی مستحق ہے۔ محمد علی درانی نے حج2017ء کے موقع پر بہترین انتظامات کرنے پر خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان اور سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایران سمیت دنیا کے کونے کونے سے آنے والے حجاج نے بہترین خدمات کو سراہا جو خوش آئند ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close