اسلام آباد

نواز شریف پر کل احتساب عدالت میں فرد جرم عائد کی جائے گی

اسلام آباد:سابق وزیراعظم نواز شریف کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے جہاں ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ نواز شریف کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے جہاں ان کے خلاف دائر تین نیب ریفرنسز کی سماعت ہوگی اور سابق وزیراعظم پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ احتساب ریفرنسز نوازشریف، ان کے بچوں حسن، حسین، مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر عباسی کے خلاف ہیں جب کہ عدالت نے نوازشریف کو ریفرنسز کی نقول بھی فراہم کر رکھی ہیں۔ نوازشریف اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ احتساب عدالت میں کل پیشی پر مشاورت کریں گے۔

نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے جب کہ احتساب عدالت جانے والے راستے آج رات ہی بند کر دیئے جائیں گے، عدالتوں میں جن وکلاء کے کیسز لگے ہوں گے وہی جوڈیشل کمپلیکس جا سکیں گے اور میڈیا کے نمائندے بھی خصوصی پاس دکھا کر اند ر جا سکیں گے۔ پولیس، رینجرز اور ایف سی کے جوان جوڈیشل کمپلیکس کے باہر تعینات ہوں گے جب کہ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب بلند عمارتوں پر بھی پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

واضح رہے 26 ستمبر کو سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں دائر کیے گئے 3 نیب ریفرنسوں پر سماعت ہوئی تھی جس میں ان پرفرد جرم کیلئے 2 اکتوبر کی تاریخ مقررکی گئی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close