کسی قسم کی سیاسی محاذ آرائی نہیں ہونی چاہئے، مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں کسی قسم کی سیاسی محاذ آرائی نہیں ہونی چاہئے اور تمام لیگی ممبران اسمبلی اپنے اپنے حلقوں پر توجہ دیں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، وزراءمملکت اور ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرپارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے151 ارکان نے اجلاس میں شرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں کے مسائل کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے کیونکہ الیکشن قریب ہیں اس لئے ارکان نے دل کھول کر وزیراعظم سے اپنے اپنے حلقوں کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات پر مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ ملک میں کسی قسم کی بھی سیاسی محاذ آرائی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ میں محاذ آرائی کے حوالے سے بعض اوقات بے بنیاد خبریں چلتی ہیں جن سے اجتناب کرنا چاہیے کیونکہ ملک کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ملک میں مکمل طور پر ہر طرح کی سیاسی ہم آہنگی ہونی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ اس وقت ملک کے تمام ادارے آئین اور قانون کے تحت اپنا اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کورم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، میں نے اپنی زندگی کے 27 سال پارلیمنٹ کی راہداریوں میں گزار دیئے ہیں، ہر دور میں اس طرح کے مسائل پیدا ہوتے رہے ہیں۔