ایمان مزاری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور
اسلام آباد: دہشت گردوں کی مالی معاونت کے کیس میں ایمان مزاری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ بہارہ کہو میں درج مقدمے میں ایمان مزاری کی ضمانت کی درخواست 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔ جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کے روبرو سماعت میں ایمان مزاری کی والدہ شیریں مزاری، وکلا زینب جنجوعہ اور قیصر امام پیش ہوئے۔
عدالت نے ایمان مزاری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم سنایا۔ تاہم وکلا کی استدعا پر مچلکے کم کرکے 10 ہزار کردیے گئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے گزشتہ سماعت پر ایمان مزاری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم سنایا تھا، جس کے بعد ایمان مزاری کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ ایمان مزاری کے وکلا کی استدعا پر عدالت نے ضمانت کی درخواست کو آج سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔ عدالت نے ایمان مزاری کو اڈیالہ جیل کے بجائے تھانہ ویمن اسلام آباد میں رکھنے کا بھی حکم دیا تھا۔