اسحاق ڈار احتساب عدالت میں پیش
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈاراحتساب عدالت میں تیسری بار پیش ہو گئے۔ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈاراحتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں احتساب عدالت کے جج محمد بشیرآمدن سے زائد اثاثے بنانے پر نیب کی جانب سے وزیر خزانہ کے خلاف ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔ اثاثہ جات ریفرنس کے ملزم وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی یہ تیسری پیشی ہے اور اس سے قبل وہ 25 اور 27 ستمبر کو پیش ہوئے تھے۔ اس سے قبل جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کی موجودگی سے متعلق استفسار کیا تو نیب حکام نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو 8 بجے یہاں آنا چاہیے تھا، جس پر عدالت نے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی تھی تاہم کچھ دیر بعد اسحاق ڈار عدالت پہنچ گئے۔ دوسری جانب عدالت کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جب کہ آج رینجرز کا ایک بھی اہلکار تعینات نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ناجائز اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کر دی تھی تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کر دیا تھا جب کہ ہائی کورٹ میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو چیلنج بھی کر دیا تھا۔