ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے خصوصی کمیٹی قائم
اسلام آباد: ایف بی آر کی جانب سے قائم خصوصی کمیٹی کی تین ذیلی کمیٹیاں بنا دی گئیں
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس دہندگان کو سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی سہولت فراہم کرنے کے بارے میں سنگل پورٹل ڈیزائن اور ڈیولپمنٹ و عمل درآمد کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کر دی جس کے تحت تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
یہ کمیٹی پہلے مرحلے میں 31 اکتوبر 2023 تک ایف بی آر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کے لیے ٹیلی کام سیکٹر کے بارے میں سنگل پورٹل سیلز ٹیکس ریٹرن فائلنگ سسٹم ڈیزائن کرکے عمل درآمد کروائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں 31مئی2024 تک فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور تمام صوبائی ریونیو اتھارٹیز کے لیے تمام شعبوں کے بارے میں سنگل سیلز ٹیکس ریٹرن فائلنگ پورٹل ڈیزائن و ڈویلپمنٹ کرکے عملدرآمد کرائے گی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی آٹھ ارکان پر مشتمل ہے جنہیں مزید تین ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹیم شیر سلیم طارق، ڈاکٹر ناصر خان اور عامر امین بھٹی پر مشتمل ہوگی جبکہ دوسری ٹیم اس سیلز ٹیکس ریٹرنگ فائلنگ کے سنگل پورٹل پر عملدرآمد کیلیے قائم کی گئی ہے۔
یہ ٹیم ذین العابدین ساہی کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ ٹیم کے دوسرے ممبران میں مہوش خان، فرحان اظہر اور شاہد شریف شامل ہونگے جبکہ تیسری ٹیم دو اراکین پر مشتمل ہوگی جن میں محمد خالد جمیل اور سعدیہ کمال شامل ہوں گی۔