امریکا کو حقانی نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ آپریشن کی پیش کش پہ خواجہ آصف سے جواب طلب
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کہا ہے کہ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے امریکا کو حقانی نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ آپریشن کی پیش کش کی ہے، جب کہ دوسری جانب امریکا انڈیا کا اسٹرٹیجک پارٹنر ہے اور خدشہ ظاہر کیا کہ اگر امریکا کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی گئی تو تمام حساس معلومات بھارت کو منتقل ہوجائیں گی۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران امریکا کو حقانی نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ کارروائی کی پیش کش پر پاکستان تحریک انصاف نے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سے ایوان میں جواب طلب کردیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی زیر صدارت ہوا تو نکتہ اعتراض پر پی ٹی آئی کی خاتون رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ وزیر خارجہ نے امریکا کو حقانی نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ آپریشن کی پیش کش کی ہے جب کہ دوسری جانب امریکا انڈیا کا اسٹرٹیجک پارٹنر ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر امریکا کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی گئی تو تمام حساس معلومات امریکا، بھارت کو فراہم کردے گا۔ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ ایوان کو بتائیں کہ کس طرح امریکا کو یہ پیش کش کی گئی جبکہ امریکا، پاکستان کو دہشت ریاست قرار دے رہا ہے تو ہم پھر ایسی پیش کش کس حیثیت میں کررہے ہیں۔