ٹیکس آمدنی کا تین چوتھائی حصہ قرض کے سود کی ادائیگی پر لگ جاتا ہے
آئی ایم ایف پروگرام پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا ، وزیر خزانہ
اسلام آباد: ملک پر قرضوں کا بوجھ بہت بڑھ گیا ہے، قرض کا بوجھ کم کرنے کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، رواں مالی سال شرح نمو 2.5 فیصد رہے گی، نگراں حکومت نے مشکلات کے باوجود آئی ایم ایف کے ساتھ بروقت اسٹاف لیول معاہدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک پر قرضوں کا بوجھ بہت بڑھ گیا ہے، ٹیکس آمدنی کا تین چوتھائی حصہ قرض کے سود کی ادائیگی پر لگ جاتا ہے ، قرض کا بوجھ کم کرنے کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
نگراں وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ حکومتی کمپنیوں کے نقصانات پانچ سو ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں،چین کے ساتھ 2.4 ارب ڈالر کا قرض موخر کروایا گیا ہے۔
ڈاکٹر شمشاد اختر کاکہنا تھا کہ ملک کے معاشی مسائل خود کفالت سے حل کیے جائیں گے، برآمدات کو بڑھایا جائے گا، منافع بخش حکومتی کمپنیوں کو اسٹاک مارکیٹ پر لسٹ کروایا جائے گا اور ان کی انتظؓام کاری نجی شعبے کے حوالے کی جائے گی۔