اسلام آبادتجارت

کویت پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا

اسلام آباد: نگراں وفاقی کابینہ نے پاکستان میں کویت کی جانب سے 7 منصوبوں میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی منظوری دے دی۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ کابینہ نے پاکستان اور کویت کے مابین سرمایہ کاری کے لیے 7 مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی جن پر وزیر اعظم کے دورہ کویت کے دوران دستخط کیے جائیں گے۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کوششوں کے نتیجے میں کویت پاکستان میں مختلف شعبوں کے 7 منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرے گا۔
ان منصوبوں میں آبی ذخائر کی توسیع، کان کنی کی سہولیات، ساحلی علاقوں کیلئے تمر (mangrove) کے جنگلات کی حفاظت اور توسیع، آئی ٹی کے شعبے اور تحفظ خوراک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبے شامل ہیں۔

وزیرِ اعظم اور وفاقی کابینہ نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل اور متعلقہ وزارتوں کی اس حوالے سے کوششوں کی تعریف کی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی سطح پر دستخط ہونے والی ان مفاہمتی یادداشتوں میں صوبوں کے ساتھ تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کی تکمیل جلد اور شفاف طریقے سے ہوسکے۔

وفاقی کابینہ نے 14 نومبر، 2023ء کو منعقد ہونے والے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی امور (CCLC) کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔

وفاقی کابینہ نے 15 نومبر، 2023ء کو منعقدہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close