تارکین وطن کی واپسی سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں
اسلام آباد: پاکستان میں غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، اب تک ڈھائی لاکھ افغان شہری وطن واپس جا چکے ہیں
حکام کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کی واپسی سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
پاکستان سے اب تک تقریباً ڈھائی لاکھ افغان شہری وطن واپس جا چکے ہیں‘ گزشتہ روز 593 خاندانوں کے 3 ہزار 250 افراد کو وطن واپس روانہ کیا گیا۔
پاکستانی حکام نے بتایا کہ افغان انتظامیہ نے انہیں ملک بدری کی شرط کے حوالے سے کبھی آگاہ نہیں کیا‘نادرا کی جانب سے دستاویز میں شامل کیے بغیر کوئی شہری ملک سے باہر نہیں جا سکتا۔
دریں اثناء ورلڈ فوڈ پروگرام نے خبردارکیاہے کہ افغانستان لوٹنے والے خاندانوں کیلیے 2.7 کروڑ ڈالر کی فوری ضرورت ہے، یہ خاندان ایسے وقت میں واپس آرہے ہیں، جہاں ایک تہائی افراد کو نہیں پتا کہ ان کی اگلی خوراک کہاں سے آئے گی۔
افغانستان میں ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے خبردار کیا ہے کہ ان کے پاس فنڈنگ کی قلت ہے، وہ پاکستان سے آئے افغان خاندانوں کی مدد جاری نہیں رکھ سکیں گے‘ ورلڈ فوڈ پروگرام ایک کروڑ افراد کے لیے خوراک کی ہنگامی امداد نہ کرنے پر مجبور ہے۔