وزیراعظم کی نااہلی کے فیصلے سے ملکی اسٹاک مارکیٹ کو 14 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، احسن اقبال
اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ واقعات نے ملک کے داخلی استحکام کو متاثر کیا، تمام اداروں کی قیادت کا امتحان ہے کہ کس طرح مشکل دور میں ملک کو آگے لیکر جائیں، خارجہ محاذ پر ملک کو چیلنجز کا سامنا ہے، ملک سیاسی بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انکا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے سے ملکی اسٹاک مارکیٹ کو 14 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، ہمیں داخلی استحکام کے لئے اداروں کے درمیان اعتماد قائم کرنا ہوگا، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد آپریشن کے تحت دہشت گردی کی کمر توڑ دی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج جو کچھ کر رہے ہیں، کسی کو خوش کرنے کیلئے نہیں، بلکہ پاکستان کے مستقبل کے لئے کر رہے ہیں، تاکہ امن اور ترقی ہو۔ احسن اقبال نے کہا کہ آج ہم سے کہا جاتا ہے کہ ان حالات کا تنہا مقابلہ کریں، یہ سراسر ناانصافی ہے، یہ صورتحال بین الاقوامی حالات اور قوتوں کی جنگ کی ہے، جس کا ہم نے سامنا کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان 35 لاکھ افغان مہاجرین کا بوجھ تنہا برداشت کرتا رہا۔