معاشی کارکردگی سے متعلق دروغ گوئی کا نیا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے، اسد عمر
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر کا کہنا ہے کہ معاشی کارکردگی سے متعلق دروغ گوئی کا نیا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ معاشی کارکردگی کے حوالے سے جھوٹے دعووں کا ایک نیا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ اپنے بیان میں تحریک انصاف کے رہنماء نے وفاقی حکومت اور وزارت خزانہ پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ معاشی کارکردگی سے متعلق دروغ گوئی کا نیا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے، معیشت کے حوالے سے دو اہم خبریں آج کے اخبارات کی زینت بنی ہیں، ایک کےمطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں پچھلے برس کی نسبت 117 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دوسری خبر میں زرمبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے وزارت خزانہ کا دعویٰ درج ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ کا دعویٰ ہے کہ پہلی سہ ماہی میں ٹھوس اصلاحات کے ذریعے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری لائی گئی ہے۔ ادھر مالی سال کی ابتداء سے اب تک مرکزی بنک کے ذخائر تو 2 ارب ڈالرز کم ہوئے ہیں۔ اسد عمر کا مذید کہنا تھا کہ وزارت خزانہ بتائے کہ انکا دعویٰ قوم کو بیوقوف بنانے کی نئی حکمت عملی ہے، یا اب حکومت نے بلاجھجھک سفید جھوٹ بولنے کو ہی بطور حکمت عملی اختیار کرلیا ہے۔