پی ٹی آئی نے اپنے تمام قومی و صوبائی کے امیدواروں کو ’بلے باز‘ کے نشان پر ٹکٹ جاری کردیے
ڈاکٹر یاسمین راشد نے این اے 130 سے پی ٹی آئی نظریاتی کا ٹکٹ جمع کروا دیا ہے
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اپنے تمام قومی و صوبائی کے امیدواروں کو پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس جاری کر دئیے جس میں (بیٹسمین) بلے باز کا نشانہ موجود ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے اپنے تمام امیدواروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹکٹس آر اوز اور ڈی آر اوز کے دفاتر میں جمع کروائیں اور اس کی ریسیونگ حاصل کریں۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی آپ کا ٹکٹ جمع نہیں کرتا یا جمع کروانے میں پولیس یا آر او رکاوٹ ڈالتے ہیں تو فوری طور پر ڈسٹرکٹ، صوبائی اور سینٹرل الیکشن کمیشن کو شکایت ای میل کریں، اپنی تحریری شکایت بھی ضلعی اور صوبائی الیکشن کمشنر کو جمع کروائیں، یہ تمام ثبوت اور درخواستیں پارٹی کو بھی بھیجیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے این اے 130 سے پی ٹی آئی نظریاتی کا ٹکٹ جمع کروا دیا ہے، یہ ٹکٹ ان کی لیگل ٹیم نے ریٹرنگ افسر کو ٹکٹ جمع کرایا ہے، این اے 130 سے ڈاکٹر یاسمین راشد کے مدمقابل میاں نواز شریف ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نظریاتی اختر اقبال ڈار کے نام پر رجسٹرڈ ہے، الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں کی لسٹ میں 100 جماعتوں کی فہرست میں موجود ہے اور پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کا انتخابی نشان بلے باز ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے سرٹیفکیٹ جمع کروانے کے معاملے میں پی ٹی آئی کے رہنما شعیب شاہین نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ امیدواروں کو جاری پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے سرٹیفکیٹ منظور کیے جائیں ہمارے امیدواروں کو پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے سرٹیفکیٹ جمع کروانے میں مشکلات کا سامنا ہے، الیکشن کمیشن اس معاملے میں آر او کو ضروری ہدایات جاری کرے۔