جمہوریت کی گاڑی کو بار بار پنکچر کیا تو گڑبڑ ہوجائے گی، وزیرداخلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہمیں اگلی صدی کے لئے خود کو تیار کرنا ہے اگر جمہوریت کی گاڑی کو باربار پنکچر کیا گیا تو گڑ بڑ ہوجائے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستانی آئین مدو جذر سے گزر رہا ہے، 66 سال میں صرف ایک مرتبہ حکومت نے مدت پوری کی اگر موجودہ حکومت نے بھی اپنی آئینی مدت پوری کی تو دنیا میں ہمارا امیج بڑھے گا اور اگر باربار جمہوریت کو پنکچر کیا گیا تو گڑ بڑ ہوجائے گی، ہم نے جمہوری حکومت کو جھٹکے دیئے تو دنیا کہے گی یہاں استحکام نہیں آسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام ملک کی ترقی کے لئے آکسیجن کا کام کرتا ہے ہمیں اگلی صدی کے لئے خود کو تیار کرنا ہے اور دنیا کے ساتھ مل کر جمہوریت کو آگے لے کر چلنا ہوگا، اکیسویں صدی میں نظریات نہیں معاشی بنیادوں پر آگے بڑھیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کے حالات کے ذمہ دار پرویز مشرف ہی ہیں، ان کے کورکمانڈر بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کے علم میں لائے گئے بغیر پاکستانی فوجی اڈے امریکا کو دیئے گئے اور جو پیسے آئے ان سے کوئی ڈیم، موٹروے یا توانائی کا منصوبہ نہیں لگایا گیا۔ انہوں نے پاکستان کو گروی رکھ کر اپنا اقتدار منوایا انہیں ایک دن لازمی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: کوئی پاکستان کو خطرناک ملک قراردینے کی جسارت نہیں کرسکتا
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک میں تمام اداروں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کی ضروت ہے اگر آپس میں بداعتمادی رکھیں گے تو ملک خراب ہوگا۔ پاکستان میں اس وقت ایک منظم سازش کے تحت مایوس سیاستدان مہم چلارہے ہیں کہ مسلم لیگ(ن) اور فوج کو لڑایا جائے، شیخ رشید بھی کبھی ڈی جی آئی ایس پی آر اور کبھی سپریم کورٹ کے رجسٹرار بن جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نوازشریف کی قیادت پر پورا اعتماد ہے اور ہمارا ووٹر اپنے لیڈر پر متفق ہے، کوئی بھی مسلم لیگ(ن) میں دراڑ نہیں ڈال سکتا اور اگر کوئی فرد اپنی جماعت چھوڑ کر جائے گا تو اسے خود ہی نقصان اٹھانا پڑے گا۔