بلآخر ظفر حجازی پر ریکارڈ ٹمپرنگ کیس میں فرد جرم عائد ہوگئی
اسلام آباد: چوہدری شوگر مل کے ریکارڈ ٹمپرنگ کیس میں چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ ریکارڈ ٹمپرنگ کیس میں سابق چیئرمین سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ظفر حجازی اسپیشل جج ارم نیازی کی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے شریف خاندان کی چوہدری شوگر ملز سے متعلق ایس ای سی پی ریکارڈ میں غیرقانونی رد وبدل کرنے پر ظفر حجازی پر فرد جرم عائد کردی۔ ملزم کو فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی جس کے مطابق آپ نے چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹمپرنگ کی اور اس کے لئے آپ نے اپنے ماتحت افسران پر دباؤ ڈالا۔
دوسری جانب ظفرحجازی نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں کوئی ریکارڈ ٹمپرنگ نہیں کی اور میرے خلاف کیس نہیں بنتا۔ پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ اس کیس میں ریکارڈ ٹمپرنگ کے حوالے سے ہمارے پاس گواہ موجود ہیں اور ہم ثابت کردیں گے کہ ریکارڈ ٹمپرنگ ہوئی ہے۔