این ٹی ایس کے سربراہ کو نیب نے حراست میں لے لیا
اسلام آباد: نیب کی تحقیقاتی ٹیموں نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے 2 دفاتر پر چھاپہ مار کر ادارے کے سی ای او ڈاکٹر شیر زادہ سمیت دیگر ملازمین کو حراست میں لے لیا۔ بدعنوانیوں اور پرچے لیک ہونے کی شکایت پر چیئرمین نیب نے نوٹس لیا تھا اور نیب کی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ آج نیب کی تحقیقاتی ٹیمیں اسلام آباد میں این ٹی ایس کے دو دفاتر میں پہنچ گئیں اور این ٹی ایس کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد قبضے میں لیا۔ نیب نے این ٹی ایس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر شیر زادہ اور ایڈمن انچارج سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔ نیب حکام نے این ٹی ایس کے عملے سے پوچھ گچھ بھی کی۔ نیب کی ٹیموں کے ہمراہ ایف بی آر کا عملہ بھی موجود ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے این ٹی ایس کی جانب اعلٰی سرکاری یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ کے پرچے آؤٹ ہو رہے تھے۔ جس کی وجہ سے ان امتحانات کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی تھی اور چیئرمین نیب نے اس کا نوٹس لیا تھا۔