اب نہیں بھاگیں گے، عدالت میں پیش ہونے کیلئے پاکستان جارہا ہوں، نوازشریف
لندن: سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ عدالتوں کو پہلے بھی بھگت چکے اور اب بھی نہیں بھاگیں گے جب کہ 3 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے پاکستان جارہا ہوں۔ لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نظام میں تضادات ہیں اور نظام میں تضادات ہی ہماری بد قسمتی ہے تاہم عدالتوں کو پہلے بھی بھگت چکے ہیں، اب بھی نہیں بھاگیں گے جب کہ 3 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے پاکستان جارہا ہوں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں کیوں ہر 10 سال بعد ملک چھوڑوں، آخرمیں نے کیا کیا ہے۔؟ انہوں نے مزید کہا کہ ایک سیکنڈ میں وزیراعظم کو ہائی جیکر بنا دیتے ہیں، یہ کہاں کا دستور ہے، مجھ پر ہائی جیکنگ کا کیس بناکر سزا دی گئی مگر کس قانون کے تحت یہ سزا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کیسز بھی اسی طرح کے ہی کیسز ہیں۔ واضح رہے نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 3 نومبر کو پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔