واٹس ایپ پہ پابندی
اسلام آباد: وزارت داخلہ نے حساس معلومات اور اہم ڈیٹا چوری ہونے کے خدشے کے پیش نظر واٹس ایپ، غیر محفوظ ای میلز اور سوشل میڈیا کے ذریعے اہم معلومات کے تبادلے پر پابندی عائد کر دی اور افسران کو پابند کیا ہے کہ وہ سرکاری امور کی انجام دہی کیلئے واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا کے دیگر ذرائع استعمال نہ کریں۔ سرکاری مراسلے کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے رپورٹ دی تھی کہ واٹس ایپ اور غیر محفوظ ای میلز کے ذریعے اہم معلومات اور حساس ڈیٹا چوری ہو سکتا ہے، جس پر وزارت داخلہ نے اپنے تمام شعبوں اور ذیلی اداروں کے افسران کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری معلومات اور اہم ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے واٹس ایٹ غیر محفوظ ای میلز اور سوشل میڈیا کے دیگر ذرائع سرکاری امور کی انجام دہی کیلئے استعمال نہ کئے جائیں، سرکاری معلومات کے تبادلے کیلئے محفوظ ای میلز اور محفوظ ایپلی کیشنز کا استعمال کیا جائے کیونکہ واٹس ایپ کے ذریعے جن معلومات کا تبادلہ کیا جاتا ہے وہ چوری ہو سکتی ہیں۔