اسلام آباد

سمجھ میں نہیں آتا ہم پیشیاں کیوں بھگت رہے ہیں، نواز شریف

اسلام آباد:  سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ نظریہ ضرورت ایجاد کرنے والی عدلیہ کا حامی نہیں اور ملک کا عدالتی نظام درست ہونا چاہیئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدمات کیا ہیں، کچھ سمجھ نہیں آ رہا، جب سپریم کورٹ کے ججز نے خود یہ بات کہی کہ یہ کرپشن کا کیس نہیں تو سمجھ نہیں آتا کہ پھر ہم پیشیاں کیوں بھگت رہے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ کچھ سمجھ نہیں آ رہا، ہمارے خلاف کون سے کیسز قائم کیے گئے ہیں اور کیا یہ کرپشن، کک بیکس یا رشوت لینے کے مقدمات ہیں؟ کیا ہمیں اس بات کی سزا دی جا رہی ہے کہ ملک میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم ہو رہی ہے؟ یا اس بات کی سزا دی جارہی ہے کہ سی پیک سے ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے اور کراچی میں امن اور معیشت مضبوط ہورہی ہے،؟ کیا جو کچھ پاکستان میں ہو رہا ہے کسی اور ملک میں بھی ایسا ہوتا ہے؟۔ نواز شریف نے کہا کہ اس سے پہلے اسٹاک مارکیٹ تاریخ میں کبھی اتنی بلند سطح پر نہیں گئی، ہمارے دور میں ملک میں ریکارڈ ترقی ہوئی، زرمبادلہ کے زخائر میں اضافہ ہوا، ہم نے پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی اور نہ کوئی این آر او ہو رہا ہے۔ 17 سال سے ٹیکنوکریٹ حکومت کا سن رہا ہوں، عدالتوں میں ہزاروں کیسز زیر التواء ہیں، کبھی نہیں سنا کہ کوئی سپر جج نگرانی کر رہا ہو، توہین عدالت باہر سے نہیں اندر سے بھی ہوتی ہے جب کہ عدالتی نظام درست ہونا چاہیئے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ نظریہ ضرورت ایجاد کرنے والی عدلیہ کا حامی نہیں، میں نے آزاد اور غیر جانبدار عدلیہ کیلئے جدوجہد کی۔ شریف خاندان میں کوئی اختلاف نہیں، کچھ لوگ باہر سے اختلافات دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں، ٹکراؤ کی بات ہوتی ہے تو جو ہمیں ٹکر مارتے ہیں انہیں کوئی نہیں پوچھتا۔ جب بھی مارچ آتا ہے تو مارچ کی افواہیں گرم ہو جاتی ہی۔ مشرف کے ٹرائل سے متعلق سوال پر میاں نواز شریف خاموش رہے اور آصف زرداری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ میرے خلاف گالیاں نہیں نکال رہے بلکہ کسی اور کو خوش کر رہے ہیں، ایسے وقت میں تو جمہوری پارٹیوں کو اکٹھا ہونا چاہیئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close