پاکستان دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کرے، ڈیوڈ ہیل
اسلام آباد: پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کا کہنا ہے پاکستان دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔ اسلام آباد میں پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹریک ٹو مذاکرات کے چوتھے دور میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے افغانستان میں قیام امن کے لیے کوششیں تیز کرنے کا یقین دلایا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے بھارت سے افغانستان میں اقتصادی سطح پر ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے اس پر زور دیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنایا جائے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ہمیں طالبان پر اس وقت تک دباؤ جاری رکھنا ہے جب تک وہ مذاکرات کی میز پر نہیں آجاتے اور خواتین کا احترام و اقلیتوں کو تحفظ فراہم نہیں کرتے، جب کہ ٹرمپ حکومت تمام مسلح گروہوں کے ساتھ ایک ہی طریقے سے نمٹے گی۔ ڈیوڈ ہیل نے خطے میں امریکی پالیسیز کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی نئی حکمت عملی علاقائی بنیادوں پر ہے جس کا مقصد دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ اور اقتصادی خوشحالی میں اضافہ کرنا ہے۔