1100 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہونے کا امکان
حکومت نے رواں سال موسم گرما تک 1100 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
یہ بجلی گڈو تھرمل پاور اسٹیشن میں بجلی کی پیداواری صلاحیت 900 میگاواٹ سے بڑھا کر 1500 میگاواٹ، 450 میگاواٹ کے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ (چشمہ تھری) اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے دیگر پاور پلانٹس سے حاصل کی جائے گی۔
270 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت والے گڈو پاور پلانٹ کی صلاحیت میں اضافے کے بعد پلانٹ اتھارٹی نے وزارت پانی و بجلی کو ایک اجلاس کے دوران بتایا کہ 2013 میں گیس اور اسٹیم ٹربائنز کو نقصان پہنچنے کے باعث اس پلانٹ سے بجلی کی پیداوار مکمل طور پر رک گئی تھی۔
تاہم گزشتہ بدھ کو گڈو پاور اسٹیشن کے 415 میگاواٹ کی صلاحیت والے سیمنز بلاک سے 270 میگاواٹ بجلی سسٹم میں دوبارہ شامل کردی گئی۔
وزارت پانی و بجلی کے سیکریٹری محمد یونس ڈاگھا کا کہنا تھا کہ نئے پاور پلانٹس کے علاوہ پرانے پلانٹس کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت بحال کرنا بھی حکومت کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ گڈو پاور پلانٹ کے سیمنز بلاک کو دوبارہ کارآمد بنانے اور اسے بحال کرنے کا کام ایرانی کمپنی ’ماپنا‘ کو گزشتہ سال نومبر میں سونپا گیا تھا۔
یونس ڈاگھا نے کہا کہ پلانٹ کی بحالی پر تیزی سے کام ہونے کے باعث پہلے گیس ٹربائن نے رواں سال 16 جنوری میں بجلی کی پیداوار شروع کردی، جبکہ دوسرے ٹربائن سے بجلی کی پیداوار کا آغاز 9 مارچ کو ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹربائن سے بجلی کی پیداوار کے آغاز کے بعد 270 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کردی گئی ہے، جبکہ ایک اور گیس ٹربائن کی مرمت کا کام جاری ہے جس کے مکمل ہوتے ہی آئندہ ماہ مزید 100 میگاواٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ناکارہ پلانٹس کی مرمت میں وقت کا خصوصی طور پر خیال رکھا گیا ہے تاکہ موسم گرما تک زیادہ سے زیادہ بجلی سسٹم میں شامل کی جاسکے۔
سیکریٹری پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ موسم گرما سے قبل چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس سے 450 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہونے کی امید ہے