اسلام آباد

الٹے سیدھے قانون بناکر ملک چلانا ناکامی کا اعتراف ہے : شاہد خاقان عباسی

یہ خام خیالی ہے کہ ٹرمپ پاکستان پر دباؤ ڈالیں اور عمران خان باہر آجائیں گے

اسلام آباد: حکومت کے پاس مینڈیٹ اور پرفارمنس دونوں نہیں‘ حکومت سمجھتی ہے اس کو پی ٹی آئی کی نالائقی کی وجہ سے استحکام ملا

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس مینڈیٹ اور پرفارمنس دونوں نہیں ہیں، الٹے سیدھے قانون بناکر ملک چلانا ناکامی کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے اس کو استحکام ملا ہے تو پی ٹی آئی کی نالائقی کی وجہ سے ملا ہے، حکومت کی طاقت اس کے مینڈیٹ اور گورننس سے ہوتی ہے، اس حکومت کے پاس دونوں نہیں ہیں، حکومت کی مضبوطی تب ہوتی ہے جب ملک مضبوط ہوتا ہے۔
قومی ایئرلائن کی نجکاری سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس وقت پی آئی اے کی نجکاری میں حکومت کی جانب سے 85 ارب کی توقعات درست نہیں، مارکیٹ پی آئی اے کی 85 ارب روپے کی بولی کو قبول نہیں کررہی، حکومت پی آئی اے کی 10 ارب روپے کی بولی مان لے تو بہتر ہوگا، پی آئی اے کا جو سٹرکچر بنایا گیا میری نظر میں 10 ارب بھی بہت زیادہ قیمت ہے۔

ایک سوال پر سابق وزیراعظم نے جواب دیا کہ اپوزیشن پارلیمانی تاریخ میں کب ٹف ٹائم دے چکی ہے؟ اپوزیشن کم از کم اپوزیشن تو کرتی ہے لیکن آج کی اپوزیشن اپوزیشن بھی نہیں ہے، پی ٹی آئی کی سیاست کا ایک ہی مقصد ہے کہ عمران خان کو جیل سے نکالیں، جو بھی تقریر یا بیان دیا جاتا ہے یہی ہوتا کہ تحریک چلائیں گے بانی کو نکالیں گے لیکن یہ ملک کے مسائل اوراپوزیشن کے کردار کی بات نہیں کرتے۔
سربراہ عوام پاکستان پارٹی کہتے ہیں کہ اپوزیشن کو اپوزیشن کرنی چاہیئے، ملک کی بات کریں، مسائل کی بات کریں لیکن پی ٹی آئی کی توجہ عمران خان کو جیل سے نکالنا ہے، پی ٹی آئی والے توقع لگا کر بیٹھے ہیں ٹرمپ دباؤ ڈالے گا اور ان کے بانی چیئرمین باہر آجائیں گے تاہم اس طرح بیرونی مداخلت کی خواہش رکھنا یا کوشش رکھنا درست نہیں، یہ خام خیالی ہے کہ ٹرمپ پاکستان پر دباؤ ڈالیں گے اور عمران خان جیل سے باہر آجائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close