عمران خان کیخلاف اسلام آباد اور ایف آئی اے میں درج مقدمات کی تعداد سامنے آگئی
بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کے خلاف اسلام آباد اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) میں درج مقدمات کی تعداد سامنے آگئی۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی جس کے دوران وفاقی پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج ہیں جبکہ ایف آئی اے میں بھی 7 ایف آئی آرز درج ہیں۔
دوران سماعت اسلام آباد پولیس نے رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید وقت کی استدعا کی اور ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ نےعدالت کو بتایا کہ انہیں کل شام ہی نوٹس ملا ہے اس لیے رپورٹ جمع کرانے کے لیے کچھ مہلت دی جائے ۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کے دفتر کی غلطی ہے، ہم نے تو دو دن پہلے ہی نوٹس جاری کیا تھا۔
ڈی ایس پی اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج ہیں اور اگر عدالت کہے تو عبوری رپورٹ ابھی پیش کر سکتا ہوں تاہم حتمی رپورٹ بعد میں دی جائے گی ۔
جسٹس ارباب نے عبوری رپورٹ پیش کرنے سے منع کرتے ہوئے ہدایت دی کہ کل تک مکمل اور تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے جس پر ڈی ایس پی ساجد چیمہ نے پیر تک کا وقت مانگا ۔
جسٹس ارباب نے استفسار کیا کہ کیا مقدمات کی تعداد زیادہ ہے؟ ۔
ایف آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایف آئی اے میں 7 ایف آئی آرز اور انکوائریز درج ہیں جبکہ ڈی سی آفس میں کوئی انکوائری زیر التواء نہیں ہے۔
بعدازاں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 18 نومبر تک ملتوی کر دی۔