سیاسی فائدے کیلئے اب شریعت کارڈ کا استعمال شروع کردیا : خواجہ آصف
بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مدینہ ننگے پاؤں گئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بیان پر رد عمل
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ ان سے گھڑی لے کر بیچ سکتے ہو اور کروڑوں کا منافع بنا سکتے ہو۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اب اسٹوری فلوٹ کردی گئی باجوہ نے کسی سے بات کی اس نے کسی اور سے بات کی، سیاسی فائدے کیلئے کس حد تک جا سکتے ہیں، اب شریعت کارڈ کا استعمال۔
اپنے ویڈیو بیان میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو فون آنا شروع ہوگئے کہ ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں ہم تو ملک سے شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لے کر آگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ باتیں بانی پی ٹی آئی نے کبھی سرعام نہیں کیں، اگر یہ باتیں غلط ہوں تو سابق آرمی چیف اور ان کے اہل خانہ سے پوچھا جائے کیونکہ بانی پی ٹی آئی کو یہ باتیں کسی نے بتائی تھیں۔
بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا کہ اس وقت سے ہم پر گند اچھالنا شروع ہوگیا، میرے خلاف باتیں کی گئیں اور بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کردیا گیا۔