حکومت نے آئندہ گرمیوں سے قبل قوم کو بجلی مزید سستی ہونے کی نوید سنادی
وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے آئندہ گرمیوں سے قبل قوم کو بجلی مزید سستی ہونے کی نوید سنادی۔ کہا کہ ہم نے اگلے 4 سال میں عوام کو بجلی سیکٹر کی مشکلات سے نکالنا ہے، آئی پی پیز سے بات چیت کے بعد 638 ارب روپے بچت ہو چکی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا پاکستان تحریک انصاف حکومت کے فارمولوں پر چلتے تو اگلے 10 سال عوام بجلی کی اضافی قیمت ادا کرتے، ہم نے اگلے 4 سال میں عوام کو بجلی سیکٹر کی مشکلات سے نکالنا ہے، عمران خان نے آئی پی پیز کو فارنزک آڈٹ سے بچایا۔
اویس لغاری کا کہنا تھا 5 سے 6 ماہ میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی لے کر آئے اور بجلی کے ترسیلی نظام میں خامیاں دور کی گئیں، حکومت گردشی قرض میں اضافے کو روکنے میں کامیابی ہوئی ہے، اوور بلنگ کم ہونا شروع ہوگئی ہے، اسے ختم کریں گے، 9 ماہ میں پاور سیکٹر نے جو کامیابیاں حاصل کیں وہ کبھی نہیں ہوئیں۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا بجلی خریداری کا آزادانہ سسٹم لائے، ہم نے 150 ارب روپے کی بجلی کے شعبے میں کراس سبسڈی ختم کی، بجلی ترسیلی نظام میں جدت لا رہے ہیں، بجلی کی خرید و فروخت حکومت کی نہیں نجی کمپنی کی ذمہ داری ہوگی، بجلی قیمت کو 48 روپے 70 پیسے سے کم کر کے 44 روپے چار پیسے پر لائے، صنعتی شعبے کیلئے بجلی 58 روپے 17 پیسے سے کم کر کے 47 روپے پر لائے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنیوں میں کوئی سفارشی بورڈ نہیں، بجلی کمپنیوں کے نقصانات کم ہوئے، بجلی کمپنیوں کے نقصانات کو زیرو پر لائیں گے اور کیپیسٹی پیمنٹ کم کرکے بجلی سستی کریں گے، مزید 16 آئی پی پیز سے بات چیت جاری ہے، اب تک آئی پی پیز سے بات چیت کے بعد 638 ارب روپے بچت ہوچکی ہے، یہ بچت ایک ہزار ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔
اویس لغاری کا کہنا ہے کہ چین کے آئی پی پیز کے ساتھ بھی بات چیت شروع ہے، آئی پی پیز کے ساتھ بجلی کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کریں گے، اگلی گرمیوں سے قبل بجلی مزید سستی کریں گے، موٹر سائیکل اور رکشہ کیلئے چارجنگ اسٹیشنز کی بجلی قیمت کم کریں گے۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ پاکستان کو خطے میں سب سے سستی بجلی فراہم کرنے والا ملک بنائیں گے، پاکستان میں پاور سیکٹر کا ریگولیٹری میکینزم دیکھ رہے ہیں، نیپرا کے ٹیرف سمیت ماضی کے فیصلے دیکھ رہے ہیں، کے الیکٹرک کے مانگے گئے 7 سالہ ٹیرف پر نظرثانی کیلئے نیپرا کو درخواست کی ہے، کے الیکٹرک کا مانگا گیا ٹیرف غیرمنصفانہ تھا، ریگولیٹر نے انصاف کیا تو کراچی صارفین کو کئی ارب کی بچت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے سال کے اختتام تک 3 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری ہوجائے گی، سولر بجلی ٹیرف میں کمی لائیں گے اس حوالے سے جلد اعلان کر دیں گے، سولر کے لیے ایسا ٹیرف لائیں گے کہ 4 سال میں سرمایہ کاری لاگت پوری ہو جائے گی۔