یوم پاکستان 86شخصیات کو سول 70 کو ملٹری اعزازات تفویض
یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں تقسیم اعزازات کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان، وزرا، پارلیمینٹیرینز، سفارت کاروں، اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
فوجی اعزازات کی کٹیگری میں 34 افراد کو ہلال امتیاز (ملٹری) اور 35 کو ستارہ بسالت (ملٹری) سے نوازا گیا، جبکہ تمغہ بسالت کا واحد اعزاز فلائنگ آفیسر مریم مختیار (شہید) کو دیا گیا۔
سول اعزازات کی کٹیگری میں 3 کو نشان امتیاز، ایک کو ہلال شجاعت، 2 کو ہلال امتیاز، 6 کو ستارہ شجاعت، 17 کو ستارہ امتیاز، 8 کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، 40 کو تمغہ شجاعت اور 7 کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔
سول ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں 6 غیر ملکی شہری بھی شامل تھے، جن کا تعلق سری لنکا، سعودی عرب، امریکا، سوئٹزرلینڈ اور فرانس سے تھا۔
ہلال شجاعت کا واحد اعزاز گزشتہ سال خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے پنجاب کے سابق وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کو دیا گیا۔
نشان امتیاز کا اعزاز پرویز بٹ، ڈاکٹر عشرت حسین اور انور علی نے حاصل کیا۔
ہلال امتیاز کے اعزاز سے اعجاز احمد مختار اور زیبا علی کو نوازا گیا۔