اسلام آباد

امریکی صدر کی پیش گوئی درست نہیں، پاکستان

اسلام آباد میں ’ایک خطہ ایک سڑک‘ کے موضوع پر منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ دنیا میں کسی خطے میں بھی مسلسل عدم استحکام دہشت گردی کے فروغ کا باعث بنتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کر رہا ہے اس لیے صدر اوباما نے جو کچھ کہا وہ ان کی پیشن گوئی ہے آگاہی نہیں۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ امریکی صدر نے اپنے خطاب میں محض خدشات کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل اسٹیٹ آف دی یونین سے آخری خطاب میں براک اوباما نے القاعدہ اور داعش کو امریکی عوام کے لیے براہ راست خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان، افغانستان اور وسط ایشیاء کے علاقے دہشت گردوں کے مضبوط ٹھکانے ہوسکتے ہیں جبکہ داعش بھی ان علاقوں میں زور پکڑ رہی ہے، ایشیاء میں عدم استحکام کا خدشہ کئی دہائیوں تک رہے گا۔

سیمینار سے خطاب میں مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز نے امید ظاہر کی کہ آئندہ آنے والے سالوں میں پاکستان میں مزید امن و استحکام آئے گا۔

سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغانستان عدم استحکام کا شکار ہے، پاکستان کی کوشش ہے افغانستان میں بھی امن و استحکام آئے۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے کے شروع میں افغانستان میں قیام امن اور مفاہمتی عمل کے حوالے سے اسلام آباد میں 4 ملکی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں چین، امریکا، پاکستان اور افغانستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close