پانامہ لیکس ،تحقیقات پر حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک ہو چکا ،اس بار ایمپائر کی نہیں عوام کی انگلی اٹھے گی :نبیل گبول
اسلام آباد: پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے سابق رہنما نیبل گبول نے کہا ہے کہ وزیراعظم کبھی بھی چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں عدالتی جوڈیشل کمیشن کا اعلان نہیں کرینگے، پانامہ لیکس سے متعلق تحقیقات کے بارے میں اپوزیشن اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک شروع ہوچکا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اب ڈیڈ لاک شروع ہوچکا ہے ، اس بار کسی ایمپائر کی انگلی نہیں اٹھے گی، اب انگلی صرف عوام کی اٹھے گی۔انہوں نے کہا کہ اپریل کے آخر ی ہفتہ میں وزیراعظم کے اقدامات کا فیصلہ نظر آجائے گا ، وزیراعظم کوئی بھی اعلیٰ سطح کا کمیشن تشکیل دینے کو تیار نہیں ہیں ، اس کے بعد اپوزیشن کی تمام جماعتیں اکٹھی ہوکر اس معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائینگی اور اس اے پی سی میں نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرینگی۔ نبیل گبول کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے اب تک اس معاملے میں ملوث ہونے کی کوئی آثار دکھائی نہیں دیئے، وزیراعظم نواز شریف دباؤ میں آکر اپنے عہدے سے مستعفی ہوکر شہباز شریف کو وزیراعظم بنا سکتے ہیں۔