عمران خان شوکت خانم کے تین ملین ڈالر کھا گئے :پرویز رشید
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان شوکت خانم کے تین ملین ڈالر کھا گئے ،بیلنس شیٹ میں واپسی کاکوئی ذکر نہیں،تحریک انصاف والے تو درختوں اور پودوں کے پیسے کھا گئے ۔انہوں نے یہ باتیں قومی اسمبلی میں کیں۔وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کی تقریرکے دوران حکومتی اور پی ٹی آئی اراکین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ اور ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی ۔ پی ٹی آئی کے اراکین اپنے بنچوں پر کھڑے ہو گئے اور احتجاج شروع کر دیا اور نعرے بازی شروع کر دی ۔
وزیر اطلاعات پرویز رشید نے مزید کہا کہ کمیشن کے نام پر کوئی سپریم کورٹ جانا چاہتا ہے تو راستہ کھلا ہے ،وزیر اعظم نے تو اپنے بیٹوں کو احتساب کے لئے پیش کر دیا ،وزیر اعظم کے صاحبزادوں نے اپنے نام نہیں چھپائے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پر چندے کی رقم میں خورد برد کا الزام ہے ،عمران خان الیکشن کمیشن کیوں نہیں جاتے؟۔انہوں نے کہا الزامات لگانے والوں میں کوئی گنگا جمنا میں نہیں نہایا ۔