پاناما لیکس پرتحریک شروع ہونے سے پہلے ہی پی پی اورپی ٹی آئی میں اختلافات پیدا ہوگئے
اسلام آباد: پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت کے خلاف تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاناما لیکس میں وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں کے نام سامنے آنے پر پی ٹی آئی اور پی پی نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن کا کردار اداکرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم یہ بیل اب منڈھے چڑھتی نظر نہیں آرہی کیونکہ دونوں جماعتوں میں 3 اہم نکات پر اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف استعفیٰ دے کر پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے سامنے پیش ہوں جبکہ پی پی نے اس تجویز کی مخالفت کردی ۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وہ وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ نہیں کریں گے۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی بجائے وزیر اعظم کی رہائش گاہ رائیونڈ میں دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا جس کی پی پی نے مخالفت کردی ہے اور دھرنے میں ساتھ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی نے تجویز دی تھی کہ سینیٹ کے آئندہ ہونے والے اجلاس کا احتجاجاً بائیکاٹ کیا جائے گا تاہم پی پی اس بات پر بھی رضا مند نظر نہیں آرہی ۔