عمران خان کو جتنی میڈیا کوریج ملتی ہے اتنی تو صدر اور وزیر اعظم کو بھی نہیں ملتی : چوہدری نثار علی خان
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو جتنی میڈیا کوریج ملتی ہے اتنی تو صدر اور وزیر اعظم کو بھی نہیں ملتی ۔
کلر سیداں میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں کہیں بھی نہیں ہوتا کہ صدر اور وزیر اعظم کے علاوہ اپوزیشن کے ارکان بھی قوم سے خطاب کرتے ہوں، میں وزیر داخلہ ہوکر بھی قوم سے خطاب نہیں کرسکتاتو عمران خان کس حیثیت سے قوم سے خطاب کرنا چاہتے ہیں انہیں پی ٹی وی پر قوم سے خطاب کی اجازت نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ صرف پی ٹی وی نے عمران خان کی تقریر نشر نہیں کی لیکن باقی تمام نجی چینلز نے عمران خان کی تقریر نشر کی ہے۔ عمران خان کو جتنی میڈیا کوریج ملتی ہے اتنی تو وزیر اعظم اور صدر کو بھی نہیں ملتی۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اتوار کے روز قوم سے خطاب کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے پی ٹی وی کو مراسلہ بھی جاری کردیا تھا جس میں خطاب کے انتظامات مکمل کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔