وزیراعظم کے تمام ٹیسٹ کلیئر، کل لندن سے وطن واپس آئیں گے
اسلام آباد: ڈاکٹرز نے وزیراعظم نوازشریف کی صحت تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں سفر کی اجازت دے دی جس کے بعد وہ کل لندن سے وطن واپس پہنچیں گے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کے لندن میں تمام میڈیکل ٹیسٹ مکمل کرلیے گئے جنہیں ڈاکٹرز کی جانب سے کلیئر قرار دیا گیا ہے جب کہ وزیراعظم کی صحت بھی تسلی بخش قرار دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈاکٹرز نے وزیراعظم کو سفر کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے جس کے بعد وہ کل وطن واپسی کے لیے لندن کے لوٹن ایئرپورٹ سے روانہ ہوں گے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کل صبح لندن سے وطن روانہ ہوں گے اور وہ لاہور پہنچیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم آرام کے لیے چند روز لاہور میں قیام کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف 13 اپریل کو علاج کے لیے لندن گئے تھے جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کی لندن روانگی پر شدید تنقید کی تھی جب کہ آج کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم سمیت دیگر افراد اپنے نام پاناما لیکس سے نکلوانے کے لیے لندن گئے ہیں اور وزیراعظم وطن واپس نہیں آئیں گے۔