مئی میں شدید گرمی کا خدشہ ،درجہ حرارت 50ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائیگا
اسلام آباد: اس سال موسم گرما میں ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے اور ہیٹ ویو کی وجہ سے مخصوص علاقوں میں درجہ حرارت پچاس سینٹی گریڈ تک پہنچ جائیگا۔ اس سال گرمی کی شدید لہر کا دورانیہ گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہوگا جو جون کے پہلے ہفتے تک جاری رہے گی ۔محکمہ موسمیات کے ڈی جی ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق گرمی کی شدید لہر کا نشانہ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقے بنیں گے اور آئندہ ماہ مئی میں یہاں کے لوگوں کو شدید ترین گرمی کا سامنا کرنا ہوگا جب کہ اس دوران ان علاقوں میں بارشوں کا بھی بہت کم امکان ہے ۔ہیٹ ویو کی شدت بہت زیادہ بڑھ جائیگی جو پچھلے سال کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوگی اس کا سبب ہوا کے رخ میں تبدیلی بھی ہوگا جس کی وجہ سے سمندر سے آنے والی ہوائیں بھی رک جائینگی ۔موسم کی صورتحال کودیکھتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ رمضان کے پہلے ہفتے میں عوام کو شدید گرم خشک موسم کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم موسن سون بارشوں کے جون کے وسط میں شروع ہوجانے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں بتدریج کمی متوقع ہے اس دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہونگی ورنہ وہ شدید قسم کی ہیٹ ویو کا شکار ہوسکتے ہیں