میں نہ مانوں کی رٹ لگانے والے مثبت اقدام پربھی منفی رویئے کا اظہارکررہے ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مخالفین ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ سے ہٹانا چاہتے ہیں جب کہ میں نہ مانوں کی رٹ لگانے والے مثبت اقدام پربھی منفی رویئے کا اظہار کررہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کی رائے کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی زیرنگرانی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا جب کہ قوم کو اپنے اثاثوں سے متعلق پہلے ہی اعتماد میں لے چکے ہیں لیکن اس کے باوجود میں نہ مانوں کی رٹ لگانے والے ہمارے مثبت اقدام پر بھی منفی رویئے کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے اپنا پینترا پھرسے بدل لیا اور وہ ایشوز کے بجائے کھوکھلے نعروں کی سیاست کررہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے تین سالوں میں ریکارڈ منصوبوں کا افتتاح کیا اور یہ رسمی افتتاح نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں ترقیاتی منصوبے مکمل بھی کرائے، ایبٹ آباد، اوگی، شنکیاری اور مانسہرہ میں گیس فراہم کی جائے گی، ارکان پارلیمنٹ صدق دل سے عوام کی خدمت کریں۔