اسلام آباد

ملک کے کئی شہروں میں گرمی کی لہربرقرار؛ لوڈشیڈنگ کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے

اسلام آباد: ملک کے میدانی علاقوں میں بدستور گرمی کی لہر برقرار ہے جب کہ کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ کے باعث عوام سڑکوں پر نکل آئے اور واپڈا کے دفاتر پر حملے بھی کئے۔

ملک بھر میں مسلسل دوسرے روز بھی گرمی کی لہر برقرار ہے جب کہ ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور سورج پوری آب وتاب سے آنکھیں دکھاتا رہا۔ کئی شہروں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی اوپر رہا، بے نظیرآباد میں سب سے زیادہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ سکھر،رحیم یارخان میں درجہ حرارت 45، جھنگ 43، لاہور، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور لاڑکانہ کا درجہ حرارت 42، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور سیالکوٹ 40 ، کراچی 36 اور حیدرآباد میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب گرم ہواؤں کے تھپیڑوں سے پریشان حال عوام لوڈ شیڈنگ کی مصیبت کو بھی برداشت کررہے ہیں اورمختلف شہروں میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف عوام کی جانب سے احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے، صبرکا پیمانہ لبریزہوا تو پشاور میں شہریوں نے احتجاجاً رنگ روڈ اور چارسدہ روڈ ٹریفک کیلئے بند کردی اور مظاہرین نے رنگ روڈ جمیل چوک پر احتجاجی کیمپ بھی لگالیا۔ ادھرڈیرہ اسماعیل خان میں شہریوں نے واپڈا کے دفتر کا گھیراؤ کرلیا اور پتھراؤ کرتے ہوئے دفتر کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے،شہریوں کا اشتعال دیکھ واپڈا اہلکار بھاگ نکلے جب کہ مظاہرین نے دفتر کے شیشے اور فرنیچر توڑ دیا۔ شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے بے حال لوگوں نے چارسدہ، نوشہرہ اور صوابی میں بھی مظاہرے کئے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریکوری کو ایشو بنا کر بل ادا کرنے والوں کو بجلی سے محروم کرنا ظالمانہ پالیسی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے کوہے جس کے بعد اسلام آباد، فاٹا، خیبر پختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے جب کہ بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی آج سے بدھ  کے دوران تیز اورگرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close