وزیر قانون زاہد حامد کا استعفیٰ منظور
اسلام آباد : مذہبی جماعتوں کے دھرنے اور حال ہی میں ملک میں ہونے والے مظاہروں کے باعث وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو اپنا استعفیٰ پیش کیا جو منظور کر لیا گیا۔ استعفے کے حوالے سے وفاقی وزیر زاہد حامد نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد کی خاطر وزارت سے استعفیٰ دیا اور یہ فیصلہ ذاتی حیثیت میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کا قانون تمام پارلیمانی اور سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر بنایا تھا،اس ایکٹ میں براہ راست میرا کوئی تعلق نہیں۔سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیر قانون نے استعفیٰ ملکی استحکام کے لیے پیش کیا، اس حوالے سے وہ آج تفصیلی بات بھی کریں گے جبکہ وزیر اعظم کی جانب سے آج استعفے کی منظوری کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ فیض آباد پر مذہبی جماعت کے دھرنا مظاہرین کا اولین مطالبہ تھا کہ وفاقی وزیر قانون کا استعفیٰ لیا جائے کیونکہ وہ ختم نبوت حلف نامے میں ہونے والی تبدیلی کا ذمہ دار زاہد حامد کو ٹھہرا رہے تھے۔