جب بھی آمریت مسلط کی گئی پیپلزپارٹی نےعلمِ بغاوت بلند کیا، بلاول بھٹوزرداری
اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں جب بھی آمریت مسلط کی گئی یا شہریوں کے حقوق سلب کیے گئے تو پیپلزپارٹی نے علمِ بغاوت بلند کیا اور ہمیشہ مشکل حالات میں ملک کو سنبھالا۔ اسلام آباد میں منعقدہ پیپلزپارٹی کے 50ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمروں، سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے خلاف جدوجہد کرنے پر قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور 50 سالہ دور کے بعد آج تیسری نسل ہے جو اس علَم کو اٹھائے جدوجہد کے میدان میں سرگرعمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو پہلا آئین دیا، ریاستی ادارے قائم کیے، لاہور میں اسلامی ممالک کی کانفرنس بلا کر عالمِ اسلام کو اکٹھا کیا اور نیوکلیئرپاور کی بنیاد رکھ کر ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازشریف نے امیر المومنین بننا چاہا اور آئین میں ترمیم کرنے کی کوشش کی لیکن شہید بےنظیر بھٹو نے نوازشریف کے منصوبے کو خاک میں ملادیا، بےنظیر نے پرویز مشرف کی دہشتگردی سے متعلق منافقانہ پالیسوں پر آواز اٹھائی اور جب وہ واپس آئیں تو پورے ملک میں دہشتگردوں کو للکارا، انہوں نے کہا کہ دہشتگرد سوات سے پاکستان کا پرچم اتارنا چاہتے تھے لیکن بےنظیر نے کہا کہ وہ ملک کو دہشتگردوں سے بچائیں گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ شہید بی بی نےآمر کے مارشل لاء کے خلاف جدوجہد کی اور مارشل لا ریگولیشن کا خاتمہ کیا جبکہ بینظیربھٹو کوغریبوں کی طاقت پر بھروسہ تھا اس لیے سر پر لگنے والی لاٹھیاں بھی ان کی جدوجہد کو نہ روک سکیں اور نہ ہی بےنظیر نے عوام کے لیے جدوجہد چھوڑی، 30 سال سیاست اور 4 سال اقتدار میں رہنے والی شہید بی بی نے خواتین کے تحفظ کے لیے بہت اقدامات کیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی میراث ہے اور ہم اس کے وارث، ہم اقتدار اپنی ذات یا پارٹی کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے چاہتے ہیں جبکہ ہم ملک بچانا چاہتے تھے اور جمہوریت واپس لانا چاہتے تھے اس لیے آصف زرداری نے پاکستان کھپے اور میں نے جمہوریت بہترین انتقام کا نعرہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ہم ملکی دولت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم چاہتے ہیں، پاکستان کو حقیقی سماجی جمہوری ملک بنائیں گے۔