اسلام آباد

سپریم کورٹ نے جہانگیرترین کی نااہلی کی وجوہات بتا دیں

اسلام آباد: سپریم کورٹ سے جھوٹ بولنے اور آف شور کمپنی اور اثاثے چھپانے پر عدالت عظمیٰ نے تاحیات نااہل قرار دے دیا۔ فیصلے میں عدالت نے ریمارکس دیے کہ ریاستی ڈھانچہ ایمانداری اور ایماندار لوگوں پر قائم ہونا چاہیے، وہ ریاستیں جہاں ایماندار اور صادق لوگ نہیں ہوتے وہ ترقی یافتہ قوموں کے پیچھے بھاگتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، مسلم لیگ نون کے حنیف عباسی کی جانب سے دائر پٹیشن پر عمران خان تو نااہلی سے بچ گئے لیکن جہانگیر ترین پر تاحیات نااہلی کی تلوار چل گئی۔ عدالت عظمیٰ نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دے دیا۔
تفصیلی فیصلے میں عدالت عظمیٰ نے قرار دیا کہ جہانگیر ترین کو دو نکات پر نااہل کیا گیا، جن میں پہلا نکتہ یہ ہے کہ جہانگیر ترین نے ملک کی اعلیٰ ترین عدالت سے جھوٹ بولا، دوسرا یہ کہ جہانگیر ترین نے آف شور کمپنی شائینی ویو اور اسکا اثاثہ ہائیڈ ہاوس کو چھپایا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جہانگیر ترین نے جائیداد خریدنے کیلئے 50 کروڑ روپے بیرون ملک منتقل کیے، ہائیڈ ہاوس اور آف شور کمپنی بھی جہانگیر ترین کی ملکیت ہے، بینفیشل مالک پر جہانگیر ترین کا جواب واضح نہیں تھا، جہانگیر ترین نے آف شور کمپنی اور اثاثے چھپاکر کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی، جس پر انہیں ایماندار قرار نہیں دیا جاسکتا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جہانگیر ترین نے عدالت کے ساتھ سچ نہیں بولا، عدالت نے فیصلے میں کہا کہ جہانگیر ترین کی اراضی کا معاملہ انکم ٹیکس کے پاس زیرالتوا ہے، جہانگیرترین نے ان ہاؤس ٹریڈنگ کا اعتراف کیا لیکن یہ گزشتہ اور بند معاملہ ہے، ایس ای سی پی نے جہانگیر ترین کے خلاف فوجداری کارروائی نہیں کی بلکہ یہ معاملہ خود ختم کیا۔ جہانگیر ترین کے بینکوں سے قرضے معاف کرانے کے شواہد نہیں ملے۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ جس معاشرے میں صداقت اور ایمانداری ہو، اس قوم میں آئین و قانون کی حکمرانی ہوتی ہے، جس حکومت کے امور میں بددیانت لوگ ہوں وہ قوم جلد راستے سے بھٹک جاتی ہے۔
فیصلے میں لکھا کہ حکومت صرف ایگزیکٹو کا نام نہیں، مقننہ اور عدلیہ بھی حکومت کا حصہ ہیں، وہ ریاستیں جہاں ایماندار اور صادق لوگ نہیں ہوتے وہ ترقی یافتہ قوموں کے پیچھے بھاگتی ہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ریاستی ڈھانچہ ایمانداری اور ایماندار لوگوں پر قائم ہونا چاہیے۔ عدالتی فیصلے بعد الیکشن کمیشن نے جہانگیر ترین کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close