اسلام آباد

سانحہ اے پی ایس نے پاکستانی قوم میں دہشت گردی کے خلاف تاریخ ساز وحدت کو جنم دیا، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ 16 دسمبر 2014ء کا دن ملکی تاریخ میں سیاہ یوم کے طور پر یاد رکھا جائے گا اور شہداء کے خون سے لکھے جانے والے اس باب کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے سانحہ اے پی ایس کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 16دسمبر 2014ء کا دن ملکی تاریخ میں سیاہ یوم کے طور پر یاد رکھا جائے گا، بربریت اور سفاکیت کے علمبرداوں کی جانب سے آرمی پبلک اسکول پشاور میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا، حصول تعلیم کے لیے جانے والے معصوم جب واپس لوٹے تو ان میں سے بہت ساروں نے شہادت کی قبا اوڑھ رکھی تھی، طلبا کی ایک بڑی تعداد زخموں سے چور اور ان کے ذہنوں میں بزدل دشمن کی سفاکیت کے نقوش ثبت تھے۔ آج ان معصوموں کا خون رنگ لے آیا ہے اور آج پاکستانی قوم اقوام عالم میں وہ واحد قوم ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے جو قربانیاں پیش کیں وہ شاید ہی کسی دوسری قوم نے دی ہوں، سکیورٹی اداروں کی دن رات کی محنت اور قربانیوں کی بدولت آج پاکستان میں دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہماری بہادر افواج اور سکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کو شکستِ فاش دی۔ سانحہ اے پی ایس نے پاکستانی قوم میں دہشت گردی کے خلاف تاریخ ساز وحدت کو جنم دیا جب کہ اس دل خراش واقعے سے پوری قوم نے دہشت گردی کے عفریت کے خلاف فیصلہ کن معرکہ لڑنے کا مصمم ارادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا رہے گا کہ وطن عزیز کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے ہم نے اپنے کیسے کیسے ہیرے قربان کیے، یہ دن ان معصوموں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اْن کے غم زدہ والدین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کا دن ہے، سانحہ اے پی ایس میں ہم سے بچھڑ جانے والوں کی یاد ایک کسک بن کر ہمارے دلوں میں ہمیشہ موجود رہے گی اور آج کا یہ دن دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کے اعادہ کا دن بھی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کے خون سے لکھے جانے والے اِس باب کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، آئیں عہد کریں کہ پاکستان کو ایسا جمہوری معاشرہ بنائیں گے جہاں فرقہ واریت، لسانیت، تشدد اور انتہا پسندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستانی قوم اپنے معصوم شہیدوں، افواج پاکستان، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close