ایران کی چین پاکستان اقتصادی راہداری میں شمولیت کی خواہش
اسلام آباد: پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ اور ایرانی سفیر مہدی ہنردوست کے درمیان ملاقات ہوئی۔ملاقات میں پاکستان نے پائیدار امن کے حصول کیلئے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون میں اضافے پر زور دیا ہے ۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق ناصر خان جنجوعہ نے کہاکہ اہم علاقائی تبدیلیوں کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان وسیع تر افہام و تفہیم سے دوطرفہ رابطوں کے فروغ کی راہ ہموار ہوگی ۔
فریقین نے دو طرفہ تعلقات کے علاوہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اقتصادی امکانات اور خطے اور اسلامی ملکوں میں سلامتی کی صورتحال سے متعلق معاملات پر بھی بات چیت کی ۔
ایرانی سفیر نے کہاکہ اسلامی دنیا کو نازک صورتحال کا سامنا ہے اور ان کا ملک سمجھتا ہے کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں نہایت تعمیری اور متوازن کر دارادا کر سکتا ہے ۔
انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کوایک عظیم منصوبہ قرار دیا جس سے خطے کی تقدیر بدل جائیگی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایران اس راہداری کا حصہ بنناچاہتا ہے۔