اسلام آباد

بعض لوگوں کو شروع دن سے ہی نوازشریف قبول نہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اپوزیشن مجھ سے سوال جواب نہیں کرسکتی اور کوئی سیاستدان خود کمیشن بننے کی کوشش نہ کرے۔

تاجکستان سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر سب سے زیادہ ساکھ رکھنے والے ادارے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا ہے جب کہ پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے ایف آئی اے اور عمران خان نے نیب سے تحقیقات کا کہا، امید ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی سیاستدان خود کمیشن بننے کی کوشش نہ کرے ، اپوزیشن جماعتوں کا ہدف صرف نواز شریف ہے کرپشن کا خاتمہ نہیں جب  کہ بعض لوگوں کو شروع دن سے نواز شریف قبول نہیں اس لئے اپوزیشن منتخب وزیراعظم سے اس طرح سوال جواب نہیں کرسکتی۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے پراپوزیشن کو تحقیقات سے کوئی غرض نہیں اور وہ صرف سیاست کرنا چاہتی ہے تاہم ہم جوڈیشل کمیشن کی بات جوڈیشل کمیشن میں اور پارلیمنٹ کی بات پارلیمنٹ میں کریں گے۔ اپوزیشن کی جانب سے تیارہ کردہ سوالات کے جواب سے متعلق جب وزیراعظم سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ جس معاملے کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کو خط لکھا گیا ہے اس پر پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ کمیشن میں بات ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے پانچ سال میں بجلی کی قلت کو ختم کرنے کا جو دعویٰ کیا تھا وہ وقت آرہا ہے اور توانائی کے تمام منصوبے آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں، منصوبوں کی تکمیل کے بعد عوام کو بجلی نہ صرف ملے گی بلکہ سستی ملے گی جب کہ عالمی برادری کی توجہ بھی پاکستان پر مرکوز ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close