مطیع الرحمان کو پھانسی‘ پاکستان کا بنگلہ دیشی ناظم الامور سے احتجاج
اسلام آباد :جماعت اسلامی بنگلادیش کے امیرمطیع الرحمان کی سزائے موت کے خلاف آج بھی ڈھاکا سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ ادھر ترکی نے احتجاجاً بنگلادیش سے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے جبکہ پاکستانی دفترخارجہ نے بھی بنگلہ دیشی قائم مقام ہائی کمشنر کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھما دیا۔
جماعت اسلامی بنگلادیش کے امیرمطیع الرحمان کے عدالتی قتل کے خلاف بنگلادیش بھر میں احتجاجی مظاہروں کاسلسلہ جاری ہے۔ ڈھاکاسمیت بنگلادیش کے کئی اہم شہروں میں عوام کی بڑی تعداد مطیع الرحمان کی پھانسی کےخلاف سڑکوں پر نکل آئی اور شیخ حسینہ واجد حکومت کےخلاف شدیدنعرے بازی بھی کی۔
کئی شہروں میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئی ہیں جبکہ بعض مقامات پر حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ ادھر ترکی نے احتجاجاً اپنا سفیر بنگلادیش سے واپس بلا لیاہے۔ ترک وزیرخارجہ پہلے ہی واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرچکے ہیں۔
دفترخارجہ نے بھی مطیع الرحمان کی پھانسی پرسخت ردعمل کااظہارکرتے ہوئے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کوطلب کرکے احتجاجی مراسلہ تھمادیاہے۔ پاکستان معاملے کواقوام عالم کے سامنے اٹھانے کااعلان بھی کر چکا ہے۔