داعش خطے کیلئے بڑا خطرہ ہے، ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہیں، اسپیکرز کانفرنس کا اعلامیہ
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ پہلی اسپیکرز کانفرنس نے بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلے کی مذمت کی ہے، داعش خطے کے لئے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے، چھ ممالک کے وفود نے خطے میں امن و استحکام کے لئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری قرار دے دیا ہے۔ کانفرنس میں پاکستان، چین، روس، ترکی، ایران اور افغانستان کے وفود نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد میں منعقدہ پہلی 6 رکنی اسپیکرز کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، کانفرنس میں امن، ترقی اور ریاستوں کے درمیان روابط پر تبادلہ خیال ہوا اور اتفاق کیا گیا کہ ترقی کے لئے امن کا قیام ضروری ہے، کانفرنس میں شریک ممالک نے پارلیمنٹ اور حکومتوں کے درمیان روابط کے فروغ پر اتفاق کیا اور دہشتگردی سمیت دیگر منظم جرائم کے درمیان تعلق مضبوط ہونے پر اظہار تشویش کیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ خطے میں روابط سے دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملے گی، دہشتگردی پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے، دہشتگردی کو کسی مذہب، قومیت یا ثقافت سے نہیں جوڑا جاسکتا، دہشتگردی کی ہر شکل اور جہت کی مذمت کرتے ہیں، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر موثر عملدرآمد سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے، کانفرنس میں بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلے کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ بیت المقدس سے متعلق فیصلہ غیرقانونی ہے۔
اجلاس میں داعش کو خطے کے امن کے لئے بڑا خطرہ قرار دیا گیا، عراق اور شام میں داعش کے خلاف کامیابیوں پر اظہار اطمینان کیا گیا۔ کانفرنس میں افغانستان، چین، ایران، روس اور ترکی کے پارلیمانی وفود نے شرکت کی۔ اگلی اسپیکرز کانفرنس 2018ء میں تہران میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔