بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج کیا۔ بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر رکھ چکری اور راولا کوٹ سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق ڈی جی ساؤتھ ایشیا اینڈ سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا، جس میں کہا گیا کہ بھارت 2003ء کے سیز فائر معاہدے کا احترام کرے اور رکھ چکری سیکٹر سمیت سیز فائر کی خلاف ورزی کے دیگر واقعات کی تحقیقات کرے، جب کہ بھارت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو اپنا کردار ادا کرنے دے۔ واضح رہے بھارتی فورسز نے گزشتہ روز سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس سے 3 پاکستانی فوجی شہید جب کہ ایک زخمی ہوا تھا جب کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا تھا۔