عمران خان کوٹیکس چھپانے پر کبھی کوئی نوٹس نہیں ملا، نگراں فرم
اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مالی معاملات کی نگراں فرم نے (ن) لیگ کے جھوٹے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا۔
یوسف اسلام ایسوسی ایٹس کے سربراہ نے تحریک انصاف کی قیادت کے نام خط لکھا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یوسف اسلام ایسوسی ایٹس گزشتہ 30 برس سے عمران خان کے مالی معاملات کی دیکھ بھال کررہی ہے، عمران خان کو آج تک انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ٹیکس بچانے یا اثاثے چھپانے کے حوالے سے کبھی کوئی نوٹس نہیں دیاگیا۔ خط کے متن کے مطابق عمران خان مالی معاملات کے حوالے سے مکمل طورپرشفاف ریکارڈ کے حامل ہیں اورپاکستانی قوانین کے مطابق باقاعدگی سے انکم ٹیکس اور ویلتھ ٹیکس گوشوارے داخل کرواتے آئے ہیں۔
کرکٹ اوراشتہارات سے حاصل ہونے والی ساری آمدن باضابطہ طورپرگوشواروں میں ظاہرکی گئی ہے۔ خط کے مطابق لندن کا فلیٹ بھی باقاعدہ عمران خان کے گوشواروں میں ظاہرکیا گیا ہے جو 2003 میں فروخت کیا گیا اور اس سے حاصل ہونیوالی رقم قانونی ذرائع سے پاکستان لائی گئی۔ یوسف اسلام ایسوسی ایٹس کے سربراہ نے کہا کہ وہ عمران خان کے مالی معاملات کے حوالے سے سوالوں کے جواب دینے کو تیار ہیں۔