اسلام آباد

نئے سال میں حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرادیا

اسلام آباد: وزارتِ پیٹرولیم نے نئے سال کی آمد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ پاکستان ویوز کے مطابق حکومت نے نیا سال شروع ہونے سے چند گھنٹے پہلے ہی عوام پر پیٹرول بم گرا دیا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزراتِ پیٹرولیم کو ارسال کی جس میں پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 6 پیسے، مٹی کے تیل کے دام میں 13 روپے 58 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخوں میں 5 روپے 83 پیسے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 49 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی۔

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز منظور کرتے ہوئے قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے اور اب پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 6 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 81 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ ڈیزل کی قیمت میں بھی 3 روپے 96 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے اور اب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت89.91 روپےفی لیٹر ہوگی۔ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 6 روپے 25 پیسے کے اضافہ کے ساتھ 58 روپے 37 پیسے مقرر کی گئی ہے جب کہ مٹی کے تیل میں 6 روپے 79 پیسے اضافہ کرکے 64 روپے 30 پیسے کا کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی منظوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اوگرا کی سفارش پر دی۔ عالمی مارکیٹ میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اس کے باوجود پاکستان میں بھارت، بنگلا دیش اور ترکی کے مقابلے میں پٹرول کی قیمت کم ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق پیر یکم جنوری سے ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close